۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حسینی کوهساری

حوزہ / حوزہ علمیہ میں مرکز ارتباطات اور بین الاقوامی امور کے سرپرست نے حوزہ علمیہ ہندوستان کے منتظمین کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، حوزہ علمیہ میں مرکز ارتباطات اور بین الاقوامی امور کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین سید مفید حسینی کوہساری نے ایرانی دینی مدارس کے سربراہان کے ہمراہ حوزہ علمیہ ہندوستان کے منتظمین کے ساتھ مشترکہ نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: اس نشست کا مقصد حوزہ علمیہ ہندوستان کے ساتھ بات چیت اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور اس کے لئے طریقہ کار کا انتخاب ہے۔

انہوں نے کہا: جامعۃ المصطفی حوزہ علمیہ کی ایک قسم کی بین الاقوامی جہت کا نام ہے۔ ہمارے ملک میں تقریباً ایک ہزار دینی مدارس ہیں جن میں سے نصف حوزہ علمیہ برادران اور باقی نصف خواہران کے مدرسے ہیں۔

حوزہ علمیہ میں مرکز ارتباطات اور بین الاقوامی امور کے سرپرست نے کہا: ان حوزاتِ علمیہ میں لیول 1 اور لیول 2 کی تعلیم دی جاتی ہے اور ان مدارس کے علاوہ ہمارے پاس تقریباً 150 خصوصی تعلیمی مراکز بھی ہیں جہاں لیول 3 اور 4 کی تعلیم دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا: ایرانی حوزاتِ علمیہ میں 12 ہزار اساتید موجود ہیں جو تدریس کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ ان میں سے 700 اساتید وہ ہیں جو اعلیٰ سطحی اور دروسِ خارج کی تعلیم دیتے ہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین سید مفید حسینی کوہساری نے مزید کہا: ہمارے پاس ان مدارس میں 6 ہزار محققین بھی ہیں۔ اسی طرح علمی تحقیقی، علمی ترویجی اور علمی تخصصی میدان میں 180 علمی مجلات اور جرائد بھی حوزاتِ علمیہ کے ان مراکز کی جانب سے شائع ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: ہمارے ملک میں تقریبا 2 ہزار یونیورسٹیز ہیں جن میں وزارتِ علوم کے تعاون سے ہر یونیورسٹی میں رہبر معظم کی جانب سے علمی کمیٹی کا ایک نمائندہ موجود ہوتا ہے جو تعلیم و تربیت سمیت مختلف امور انجام دیتا ہے۔

حوزہ علمیہ میں مرکز ارتباطات اور بین الاقوامی امور کے سرپرست نے کہا: حوزاتِ علمیہ صرف دینی تعلیم تک محدود نہیں بلکہ بوقتِ ضرورت عوامی امداد رسانی بھی علماء کرام کا فریضہ ہے لہذا طلاب کرام کو علومِ سائیکالوجی، معاشرتی علوم سمیت مختلف ملکی بحرانوں سے نمٹنے اور امداد رسانی کی تعلیم و تربیت بھی دی جاتی ہے تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر ملک اور عوام کی مدد کر سکیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .